ایک ہوکر اس وائرس کو شکست دینی ہے،فردوس عاشق

395

اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ایک ہوکر اس وائرس کو شکست دینی ہے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ (ن) لیگ نے ہمیشہ بیرون ملک مقیم محب وطن پاکستانیوں پہ وار کیا جو پاکستان اپنا پیسہ بھجواتے ہیں،اوورسیز پاکستانیوں کا عمران خان کی قیادت پر اعتماد ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اگر آپ کو عوام کا درد اور احساس ہوتا تو آزمائش کی اس گھڑی میں آپ کی قیادت اپنے ہم وطنوں کے ساتھ کھڑی ہوتی۔ فارن فنڈنگ کا واویلا مچانے کی بجائے فارن اکاؤنٹ رکھنے والی  فارن میں بیٹھی اپنی قیادت کو پاکستان آنے کی اپیل کریں۔

انہوں نے کہا کہ احسن اقبال صاحب کاش آپ ان کے خلاف آواز بلند کرتے جنہوں نے پاکستان کے عوام کی جیبیں کاٹیں اور لندن فرار ہوگئے،منی لانڈرنگ کی اور پاکستان سے پیسہ باہر بھجوایا۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ اتحاد اور یکجہتی وقت کا اہم تقاضہ ہے،سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی بجائے اپوزیشن کورونا کے بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی کاوشوں کو تقویت دے، یہ قومی مسئلہ ہے،ایک ہوکر اس وائرس کو شکست دینی ہے۔