صدر مملکت کا امیر جماعت اسلامی سے ٹیلی فونک رابطہ

820

لاہور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں صدر نے امیر جماعت کو دورہ چین کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی چین کے دو روزہ دورے پر ہیں جہاں انہوں نےچینی ہم منصب صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ سے ملاقاتیں کیں اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے خصوصی تبادلہ خیال کیا ۔

صدر عارف علوی نے سینیٹر سراج الحق کو تفیصلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ چین کے صوبے ووہان میں مقیم تمام پاکستانی طلبا خیریت سے ہیں۔ جس پر امیر جماعت نے ان کا شکریہ ادا کیا ۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دفاتر، الخدمت کے تحت چلنے والے تمام ادارے قومی خدمت کے لیے حاضر ہیں، ہم کورونا وائرس سے جنگ میں حکومت کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی جلد ملک بھر میں کورونا وائرس سے آگاہی کے لیے مہم چلائے گی۔


گزشہ روز امیر جماعت اسلامی نے اٹلی ، اسپین ، ڈنمارک سمیت یورپ میں مقیم پاکستانی ذمے داران کو فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی تھی ۔ یورپ سے کورو نا وائرس کے حوالے سے آنے والی تشویشناک خبروں کے تناظر میں سینیٹر سراج الحق نے یورپی ممالک میں مقیم پاکستانی شہریوں اور جماعت اسلامی کے ذمے داران کو ہدایت کی کہ وہ وبائی مرض سے بچائو کے لیے اپنے خاندانوں سمیت ہرپاکستانی شہری کی حفاظت کو بھی مقدم رکھیں ۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں اسلامی تعلیمات کی صحیح تصویر پیش کرنے کا یہ سنہری موقع ہے، یہ موقع ثابت کرے گا کہ اسلام ساری انسانیت کے لیے رحمت اور پوری انسانیت کی خدمت کی تعلیم دیتاہے ۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خوف کا شکار ہوئے بغیر تمام ضروری احتیاطی تدابیر کی پابندی کریں اور ملکی قوانین کا احترام کرتے ہوئے ان کے نفاذ میں تعاون کریں، توبہ و استغفار کو اپنا معمول بنائیں اور رجوع الی اللہ اور اللہ تعالیٰ سے تعلق کی طرف خصوصی توجہ دیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس آفت سے بچایا جاسکے ۔