جان بچانے والی ادویات ملک میں آسانی سے دستیاب ہوں،وزیراعظم

280

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جان بچانے اور تمام دیگر ضروری ادویات ملک میں آسانی سے دستیاب ہوں۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں ضروری ادویات کی دستیابی سے متعلق اجلاس  ہوا، اجلاس میں سیکرٹری برائے نیشنل ہیلتھ سروسز اینڈ ریگولیشنز، سی ای او ڈریپ عاصم رؤف معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر اللہ مرزا، اٹارنی جنرل خالد جاوید خان اوردیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیر اعظم نے عدالت کے فیصلے کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام ضروری اقدامات ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں، پالیسی سازی، پالیسیوں پر عمل درآمد کے شعبوں کو علیحدہ کرنے کیلیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی یہ بھی کوشش ہے کہ یہ ادویات مناسب قیمت پرعوام کو میسر آئیں، ڈاکٹراور اس شعبے سے منسلک افراد کو مزید کسی دقت کا سامنا نہ ہو، حکومت کی کوشش ہے کہ جان بچانے اور تمام دیگر ضروری ادویات ملک میں آسانی سے دستیاب ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ ڈریپ کا بطور ریگولیٹر کلیدی کردار ہے، انتظامی سطح پر ادارے کی افرادی قوت کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے، پالیسی سازی اور پالیسی پر عملدرآمد دو مختلف شعبے ہیں جن کو یکجا کرنے سے مسائل جنم لیتے ہیں، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو مکمل طور پر متحرک و فعال بنانے کیلیے کوششوں کو تیزکیا جائے۔