کورونا وائرس، پاکستان کیلیے 50 کروڑ ڈالرز کا اعلان

853

عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستا ن کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے مجموعی طور پر 50 کروڑ ڈالرز سے زائد رقم ادا کرنے کا اعلان کردیا۔

دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس نے پاکستان میں بھی پنجے گاڑنے شروع کردیے، ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، مجموعی طور پر ملک بھر میں کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد 250 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے مختلف ممالک کو فنڈز دینے کا فیصلہ کیا ہے، دونوں اداروں نے مجموعی طور پر 50 کروڑ سے زائد کی رقم پاکستان کو دینے کا اعلان کیا ہے۔

ورلڈبینک سے جاری اعلامیہ کے مطابق عالمی بینک کورونا وائرس سے نمٹنے کیلیے پاکستان کو 18 کروڑ80لاکھ ڈالر دے گا۔

اسی طرح ایشین ڈیولپمنٹ بینک سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کورونا وائرس سے نمٹنے کیلیے پاکستان کو 5کروڑ ڈالر دے گا،یہ رقم فوری طور پر ادا کی جائے گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کورونا سے نمٹنے کیلیے مجموعی طور پر 35 کروڑ ڈالر پاکستان کو دیے گا،دونوں مالیاتی ادارے  یہ رقم  پاکستان کے نیشنل ڈیزاسٹررسک مینجمنٹ کے ادارے کو دیں گے۔