پاکستان سپر لیگ ملتوی کرنا دانشمندانہ فیصلہ ہے،جاوید میاں داد

358

کراچی (اے پی پی) پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور سابق کپتان، بین الاقوامی شہرت یافتہ جاوید میانداد نے کہا ہے کہ کرونا وائرس صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ دنیا کے دیگر ممالک کا بھی مسئلہ ہے، کھلاڑیوں سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز کو اس وائرس سے بچانے کے لئے کھیلوں کے مقابلے منسوخ کرنا دانشمندی ہے۔ انہوں نے منگل کو ’ سرکای خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سامنے کچھ وجوہات آئی ہوں گی جس کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے باقی ماندہ سیمی فائنلز اور فائنل میچوں کو ملتوی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے خطرات کی وجہ سے کچھ غیر ملکی کرکٹرز اپنے وطن واپس جا چکے ہیں جبکہ کچھ کرکٹرز تاحال پاکستان میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں لوگوں کو احتیاطی تدابیر اپنانی چاہیئں تاکہ وہ اس وائرس سے متاثر ہونے سے بچ سکیں۔ ایک سوال کے جواب میں جاوید میانداد نے کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک بھی اس وائرس سے نہ صرف پریشان ہیں بلکہ متاثر بھی ہیں جبکہ متاثرہ ممالک کی حکومتوں کے ساتھ وہاں کی عوام بھی احتیاطی تدابیر اپنا رہی ہیں، اسی لئے ہمارے لوگوں کو بھی چاہئے کہ اس وائرس سے بچائو کے لئے جاری کی جانے والی احتیاطی تدابیر کو اپنائیں۔