پنجاب میں فٹ سال کی ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ضرورت ہے، چوہدری منیر

144

لاہور(جسارت نیوز) پنجاب فٹ سال کے جنرل سیکرٹری چوہدری منیر احمد نے کہا ہے کہ پنجاب میں فٹ سال کی ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ضرورت ہے، گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں فٹ سال کا کھیل آہستہ آہستہ مقبولیت اختیار کرتا جا رہا ہے اور تعلیمی اداروں میں بھی گراس روٹ سطح پر شروع ہو چکا ہے اور تقربیا ہر سکول کی سطح پر اس کھیل کے مقابلے منعقد ہو رہے ہیں۔ چوہدری منیر نے کہا کہ حکومت دیگر کھیلوں کی طرح فٹ سال کے کھیل پر بھی توجہ دے تاکہ اس کھیل کو بھی ملکی سطح پر فروغ حاصل ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ کھلاڑی ملک کے سفیر کا درجہ رکھتے ہیں ان کے ذریعے ہی دیگر ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات بڑھائے جا سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی کسی سے کم نہیں بلکہ ہمارے کھلاڑیوں نے ہی عالمی سطح کھیلوں کے میدانوں میں دنیا پر حکمرانی کی ہے جن میں ا سکواش، ہاکی، کرکٹ اور ا سنوکر کے کھیل شامل تھے لیکن محنت نہ کرنے پر آہستہ آہستہ یہ اعزازت ہمارے ہاتھوں سے نکل گئے تھے، سب سے زیادہ 12 مرتبہ ا سکواش کے میدان میں جان شیر خان کو دنیا پر حکمرانی کرنے کا اعزاز حاصل رہا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ کسی بھی کھیل کی ترقی میں حکومت اور ا سپانسر کا اہم کردار ہوتا ہے اور ا سپانسر کو کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں پر بھی توجہ دینی چاہئے۔