ملتان سلطانز کو فاتح قرار دیا جائے،شاہد آفریدی کا مطالبہ

315

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی ایس ایل سیمی فائنل اور فائنل میچ کی معطلی کا اچانک فیصلہ سامنے آیاجس کا فرنچائزز مالکان، موجودہ و سابق کھلاڑی خیر مقدم کر رہے ہیں۔ ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے شاہد آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل ملتوی کرنے کا فیصلہ بہت پہلے کرنا چاہیے تھا، پی ایس ایل کے اختتام پر انہیں افسوس ہورہا ہے، لیکن یہ فیصلہ تمام متعلقہ افراد کی صحت کی حفاظت کے لیے ازحد ضروری تھا،ٹرافی ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر ہونے والی ٹیم کو ملنی چاہئے۔لاہور قلندرز کے سینئر کھلاڑی محمد حفیظ نے پیغام میں کہاکہ پی ایس ایل ملتوی کرنے کا فیصلہ اچھا ہے،صحت اور جان سے بڑھ کر کچھ نہیں ،موجودہ حالات میں پی سی بی کا پاکستان سپر لیگ ملتوی کرنے کا اقدام ٹھیک فیصلہ ہے، لیگ ملتوی ہونے کا افسوس ہے۔سی ای او لاہور قلندرزعاطف رانا نے کہا کہ پوری دنیا میں کورونا کی وبا پھیلی ہے،اس سے حفاظت ضروری ہے،پی سی بی نے پی ایس ایل ملتوی کرنیکا ٹھیک فیصلہ کیا ہے۔پی ایس ایل کی فرنچائز پشاور زلمی کے چیئر مین جاوید آفریدی نے پی سی بی کے فیصلے کو سراہا۔جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس جیسی قدرتی آفت سے جہاں پوری دنیا نبرد آزما ہے وہاں حکومت پاکستان بھی عمران خان کی قیادت میں اس وبا سے نمٹنے کے لئے میدان عمل میں ہے، اس تناظر میں پی ایس ایل کا ٹورنامنٹ بھی ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد معطل کر دیا گیا۔ قوم حکومت کے مستحسن اقدامات کی بھر پور تائید کرتی ہے۔کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ کروناوائرس کے پیش نظر پی سی بی کا فیصلہ بہت اچھا ہے ، پی ایس ایل کے فینز مایوس نہ ہوں ، صورتحال بہتر ہوتے ہی پی ایس ایل کے میچز دوبارہ ہوں گے۔ 2دن سے کوشش تھی کہ پی سی بی سے بات کروں اور کورونا کے باعث میچز ملتوی ہوں۔سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ کروناوائرس کے پیش نظر پی سی بی کا فیصلہ بہت اچھا ہے ، پی سی بی نے فیصلے سے پہلے تمام فرنچائز مالکان سے مشورہ کیا، پی ایس ایل کے میچز وقتی طورپر ملتوی ہوئے ہیں ، صورتحال بہتر ہونے پر پی ایس ایل میچز ری شیڈول ہوں گے، فکر صرف غیر ملکی کھلاڑیوں کی نہیں ،ملک اور قوم کی بات ہے۔شعیب اختر نے کہا کہ دنیا میں ہر جگہ لاک ڈائون ہوگیا ہے، تقریبات منسوخ ہوگئی ہیں، پی ایس ایل ایک ہفتہ پہلے منسوخ کردینا چاہیے تھا،ہم دنیا کے ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ کراوڈ کے بغیر کوئی مزہ نہیں، یہ پی سی بی کا اچھا اقدام ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ فیصلہ بہت اچھا ہے، لیگ کو پہلے ہی ملتوی کردیا جاتا تو اچھا تاثر نہ جاتا اس لیے فیصلہ درست وقت پر لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے عوام مایوس ہوئے ہوں گے اور انہوں نے ٹورنامنٹ کے اختتام کو انجوائے نہیں کیا۔