پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹورنامنٹس اورسرگرمیاں ملتوی کردیں

225

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈبلیو ایچ او اور پاکستان حکومت نے کورونا وائرس (وبائی مرض) سے نمٹنے کے اقدامات سے متعلق ہدایت کی روشنی میں ، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے مارچ اور اپریل 2020 کے تمام ضلعی اور قومی سطح کے ٹورنامنٹ اورتمام سرگرمیاں ملتوی کردی ہیں۔انفرادی ٹرینگ پلانز کھلاڑیوں کو بھیجے گئے ہیں تاکہ وہ اپنے گھروں میں انفرادی تربیت جاری رکھ سکیں۔ اس ٹرینگ پلان میں جسمانی تربیت ، ہاکی کی مہارت اور خوراک کے بارے میں تفصیلات شامل ہیں ، اوریہ واٹس ایپ و ای میل کے ذریعہ سے کھلاڑیوں کو بھیجی گئی ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ ، کوچ ، اسسٹنٹ کوچ اور فزیکل ٹرینرز ذمہ دار ہوں گے کہ وہ باقاعدگی سے کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں رہ کر تربیت کے منصوبے پرعملدرآمد کریں۔ یہ فیصلہ کھلاڑیوں ، ٹیم مینجمنٹ اورعملے کی صحت اور حفاظت کے بہتر تحفظ کے لئے کیا گیا ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے دفاتر میں احتیاطی تدابیرپرعمل کرنے پر زور دیا گیا ہے اور تمام ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ دفتر داخل ہونے سے قبل ہاتھ سینیٹائزر سے صاف کریں اور وقفے وقفے سے صابن سے ہاتھ 20سیکنڈز تک دھوئیں، کھانستے ہوئے منہ اور ناک کو ٹیشو یا رومال سے ڈھانپ لیںں، بیماری کی علامات ظاہر ہونے والے کسی بھی شخص مناسب فاصلہ اختیار کریں۔ اس کے ساتھ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے دفاتر میں ملاقاتی حضرات کا داخلہ بھی بند کردیا گیا ہے۔ جس پرتاحکم ثانی سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔