پی ایس ایل کو نظر لگ گئی،لیگ اچھے انداز سے شروع ہوئی تھی،رمیز راجہ

155

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کرکٹ کمنٹیٹر رمیز راجا کا پی ایس ایل کے منسوخ ہونے پر کہنا ہے کہ شاید ایلکس ہیلز میں کورونا وائرس کی کچھ علامات سامنے آئی ہیں۔رمیز راجا نے پاکستان سپر لیگ5 کے منسوخ ہونے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انگلش کرکٹر ایلکس ہیلز لندن میں کورونا وائرس ٹیسٹ کروا رہے ہیں، شاید ایلکس ہیلز میں کورونا وائرس کی کچھ علامات سامنے آئی ہیں۔ رمیزراجا نے کہا کہ ایلکس ہیلز بیرون ملک روانہ ہونے والے پہلے11پلیئرز میں شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ بہت تیاری کرکے یہاں آئے تھے بڑی افسوسناک بات ہے کہ پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)5کو ملتوی کیا گیا ہے تاہم اچھی بات ہے کہ محتاط طریقے سے فیصلہ کیا گیا۔پی ایس ایل کے تمام کمنٹیٹرز اور براڈ کاسٹرز کے بھی 2گھنٹے بعد ٹیسٹ ہوں گے۔رمیز راجا نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ لگتا ہے پی ایس ایل کو نظر لگ گئی ہے، پی ایس ایل بہت اچھے انداز سے شروع ہوا تھا، جس طرح سے گرائونڈ میں عوام آ رہی تھی سب ہی اس پر خوش تھے۔ شائقین نہ ہونے کہ وجہ سے بھی پی ایس ایل کا رنگ پھیکا پڑگیا۔