عرب اتحاد نے حوثیوں کی بارود سے بھری کشتیاں تباہ کردیں

258

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) یمن میں سعودی عرب کی زیر قیادت اتحادی فورسز کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہاہے کہ حدیدہ میں حوثی باغیوں کی جانب سے دھماکا خیز مواد سے بھری 2 ریمورٹ کنٹرول کشتیوں کو تباہ کرکے حوثیوں کی جانب سے حملے کی کوشش کوناکام بنایا گیاہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ یمن میں اتحادی فورسز کے بحری یونٹ نے منگل کی صبح ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے بڑے حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔ سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اتحادی فورسز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ بحری یونٹ نے بحیرہ احمر کے جنوب میں حوثی باغیوں کی جانب سے دھماکا خیز مواد سے بھری ہوئی ریموٹ کنٹرول کشتیوں کے ذریعے حملہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ کشتیوں کو حدیدہ کمشنری سے بھیجا گیا تھا جسے اتحادی فوج کے بحری یونٹس نے ناکام بناتے ہوئے دونوں کشتیوں کو بروقت تباہ کردیا۔ کرنل المالکی کے مطابق حوثی باغیوں کی جانب سے مسلسل عالمی اور علاقائی امن کو تہ و بالا کرنے اور بحری راستے مخدوش بناتے ہوئے عالمی تجارت کو نقصان پہنچانے کی کارروائیاں جاری ہیں، جس سے عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ دریں اثنا یمنی فوج اور حوثیوں کے درمیان حدیدہ کے علاقے الاصالح میں گھمسان کی جھڑپ ہوئی جس میں درجنوں باغی جنگجو ہلاک اور زخمی ہو گئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق حوثیوں نے بھاری اسلحہ سے حملے کی کوشش کی تھی۔ لڑائی کے دوران فوج نے بیت الافکیح تحصیل میں حوثیوں کے 3 اسلحہ گودام تباہ کردیے۔