یونان کے مہاجر کیمپ میں آتش زدگی‘ بچی جاں بحق

178

ایتھنز (انٹرنیشنل ڈیسک) یونان کے جزیرے لیسبوس پر قائم موریا پناہ گزیں کیمپ میں آتش زدگی سے ایک 6 سالہ بچی جاں بحق ہو گئی۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ رہایشی کنٹینر میں یہ آگ کیسے لگی۔ موریا مہاجر کیمپ یونان کا سب سے بڑا کیمپ ہے، جہاں غیرملکی مہاجرین کو رکھا جاتا ہے۔ وہاں موجود مہاجرین کی تعداد تقریباً 19 ہزار ہے۔ دوسری جانب تُرک ضلع ادرنا کے گورنر دفتر نے بتایا ہے کہ پناہ گزینوں کے یورپ جانے کی کوشش کے آغاز کے دن سے اب تک یونان جانے والے مہاجرین کی تعداد ایک لاکھ47 ہزار 132 ہے۔ دفتر سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال 27 فروری سے لے کر ترکی کے مختلف علاقوں سے سرحدی علاقوں کو مہاجرین کی نقل مکانی جاری ہے۔ سرحدی دستوں کے مطابق ڈیڑھ لاکھ کے قریب مہاجرین نے مختلف سرحدی علاقوں سے یونان میں داخل ہونے کی کوشش کی ہے اور یہ سلسلہ تا حال جاری ہے۔ یونانی بارڈر فورسز کی جانب سے آنسو گیس، ربر اور اصلی گولیوں سے پناہ گزینوں کو منتشر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، جس میں 3اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جب کہ 214 مہاجر زخمی ہوئے ہیں۔