جماعت اسلامی سندھ رجوع الی اللہ مہم کااعلان‘جمعہ کو یوم دعا منایاجائیگا

446
کراچی :صوبائی امیرمحمد حسین محنتی کی قیادت میں جماعت اسلامی کاوفد رجوع اللہ مہم کے حوالے سے مفتی منیب الرحمن سے ملاقات کررہاہے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مختلف مکتب فکر کے ممتاز علما کرام و دینی رہنماؤں نے جماعت اسلامی کی رجوع الی اللہ مہم کی تائید اور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے ڈرنے کے بجائے اللہ سے ڈریں، احتیاطی تدابیر کے ساتھ طہارت اور اپنے گناہوں سے توبہ و استغفار کر کے اللہ سے رجوع اور معافی مانگیں۔ جمعہ 20 مارچ کو یوم دعا رجوع الی اللہ منایا جائے گا، علما کرام منبر و محراب سے قوم کی رہنمائی، احتیاطی تدابیر کی ہدایت اور دین اسلام سے جڑنے کی ترغیب دیں۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز علما کرام دارالعلوم نعیمیہ کے مہتمم مفتی منیب الرحمن، جامعۃ العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاؤن کے مہتمم ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر، جامعہ ستاریہ کے مدیر پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد سلفی، اسلامی تحریک کے علامہ ناظر عباس تقوی نے صوبائی امیر محمد حسین محنتی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے جماعت اسلامی کے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ وفد نے رجوع الی اللہ مہم کے حوالے سے ان تک امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا پیغام پہنچایا،علما کرام نے اپنے تعاون اور جماعت اسلامی کی رجوع الی اللہ مہم کی حمایت کا اعلان کیا۔ وفد میں جمعیت اتحاد العلما کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبدالوحید ، مفتی آفتاب ملک اور سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا ، پروفیسر غلام عباس قادری، حکیم سید مطیع الرحمن شامل تھے۔ تمام علما کرام ودینی رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مساجد و مدارس پر تالے لگا کر لوگوں کو نماز پڑھنے سے روکنے کے بجائے مساجد کو بھرپور آباد کیا جائے، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ توبہ و استغفار اور کثرت کے ساتھ ذکر و اذکار کر کے رجوع الی اللہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سمیت تمام وبائی بیماریاں و مصیبتیں اللہ تعالیٰ کی طرف سے وارننگ و تنبیہ ہے، اسلام اورکلمہ طیبہ کے نام سے معرض وجود میں آنے والے ملک پاکستان میں آج اللہ و اس کے رسولؐ سے بغاوت پر مبنی سودی نظام معیشت کی سرپرستی، لادینیت و قادیانیت کو فروغ اور فحاشی و عریانی کے سیلاب کے ذریعے اللہ کے عذاب کو دعوت دی جارہی ہے۔ اس لیے کورونا وائرس سمیت تمام مسائل و مصیبتوں سے نجات کا واحد حل توبہ واستغفار اور رجوع الی اللہ ہے۔علما کرام نے جماعت اسلامی کی رجوع الی اللہ مہم کا خیرمقدم کیا اور اسے وقت کی اہم ضروت قراردیتے ہوئے اتحاد امت ،عالم اسلام اورمہم کی کامیابی وخیروبرکت کی دعا کی ۔