بھارتی فورسز کی ایل او سی پر فائرنگ، پاک فوج کا جوان شہید

199

راولپنڈی(خبر ایجنسیاں) ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کا سپاہی شہید ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول پر شاہکوٹ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں 20 سالہ سپاہی واجد علی شہید ہوگیا۔ شہید سپاہی کا تعلق ضلع دادو سے ہے جب کہ واجد علی نے بھارتی اشتعال انگیزی کا مردانہ وارجواب دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی اور جن بھارتی مورچوں سے فائرنگ کی جارہی تھی ان کو نشانہ بنایا گیا۔پاک فوج کی جوابی کارروائی میں دشمن کو بھاری جانی نقصان پہنچا جبکہ دشمن کی تنصیبات بھی بْری طرح تباہ ہوئیں۔خیال رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔