میڈیا مخالف محاذ عوام کی پریشانیوں میں اضافے کا باعث ہے‘ لیاقت بلوچ

216

لاہور (نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ میڈیا مخالفت تازہ محاذ عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافے کا باعث بن گیاہے ۔ بحرانوں ، مشکلات سے نجات کے لیے حکومت فساد نہ پھیلائے ۔ قومی ترجیحات پر پوری قوم کو یک جان یک آواز بنائے ۔لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کا اسلوب حکمرانی ملک و ملت کے لیے ناقابل تلافی نقصان کا باعث بنتا جارہاہے ۔ حکومتی کرتوت سابق حکومتوں سے بھی بدتر ہیں ، تبدیلی حکومت کی تو آئی ، لیکن نظام تباہ کاری کا تسلسل جاری ہے ۔ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ریاستی نظام کا ہر شعبہ متاثر ہوگیاہے ۔ سیاسی ، پارلیمانی ، خارجہ محاذ پر حکومت قومی وحدت ، اتحاد ، قومی پالیسی بنانے میں ناکام ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ کورونا وائرس انسانی جانوں کا دشمن ہے ۔ تمام احتیاطی تدابیر کی جائیں ۔ خوف و ہراس پیدا اور نہ ہی طاری کیا جائے ۔ مہلک وبا کی بنیاد پر عالمی سطح پر مزید تقسیم اور فساد نہ بڑھایا جائے ۔ وائرس مسلم ، غیر مسلم سب کو متاثر کر رہاہے ۔ کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑی جائے اسے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے ۔ موت ،قیامت ، آخرت ، جنت دوزخ کی ایمانی پختہ بنیادوں پر مالک کائنات سے رجوع کیا جائے ۔ تمام انسانوں کی سلامتی کے لیے دعا کی جائے ۔ توبہ و استغفار اور رجوع الی اللہ ہی انسانوں کی سہولت و سلامتی کا ضامن ہے ۔دریں اثنا لیاقت بلوچ نے چکوال بطنالی گائوں میں ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کی والدہ کے انتقال پر تعزیت اور مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی ۔