بلوچستان میں انسداد کورونا کیلیے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی قائم

156

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) حکومت بلوچستان نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے چیف سیکرٹری بلوچستان کی سربراہی میں ایک اعلیٰ اختیاراتی کور کمیٹی قائم کردی ہے‘ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر اجلاس منعقد کرکے کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لے کر محکمہ صحت، پی ڈی ایم اے، سیکورٹی اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کو گائیڈ لائن دے گی اور جاری اقدامات کی نگرانی کرے گی‘کمیٹی ماہرین طب کی مشاورت سے عوام، ڈاکٹروں، طبی اور سیکورٹی عملے کے لیے کورونا وائرس سے تحفظ کی ایس او پی بھی تیار کرے گی‘ کمیٹی کی جانب سے روزانہ وزیراعلیٰ کو رپورٹ پیش کی جائے گی‘ کمیٹی میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندے، پبلک ہیلتھ کے ماہرین، سینئر ڈاکٹر پروفیسرز، ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے نمائندے، سینئر سول آفیسرز، انٹیلی جنس ایجنسیوں، سدرن کمانڈ اور سیکورٹی اداروں کے حکام شامل ہوں گے‘ کمیٹی کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے انسانی وسائل اور فنڈز کے بہترین استعمال کو بھی یقینی بنائے گی‘ اس بات کا فیصلہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقدہونے والے ایک اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس میں کیا گیا‘ صوبائی وزرا میر ظہور بلیدی، میر ضیا لانگو، زمرک خان اچکزئی و دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں کورونا وائرس سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا‘ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایران سے واپس آنے والے بلوچستان کے زائرین کو سہولیات کی فراہمی، فوری ٹیسٹ، اسپتالوں میں آئسولیشن مراکز کے قیام، عوام میں شعوروآگاہی کی فراہمی کی مہم سمیت تمام ضروری اقدامات کو ہنگامی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔ اجلاس میں کوئٹہ کے تمام سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کی آمد و رفت، معائنہ اور علاج معالجہ کی ایس او پی تیار کرنے، اسپتالوں کو تھرموگنز کی فراہمی اور سیکورٹی کو بہتر بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ، کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو واضح ہدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس میں تفتان میں موجود زائرین کی واپسی کے طریقہ کار سے متعلق امور کا جائزہ بھی لیا گیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ تفتان میں 2797 زائرین موجود ہیں جن میں بلوچستان کے زائرین کی تعداد 413 ہے اور طے شدہ طریقہ کار کے مطابق دیگر صوبوں کے زائرین کو ان کے صوبوں تک براہ راست واپسی شروع کردی گئی ہے۔ اجلاس میں ڈاکٹروں اورطبی عمل کو حفاظتی کٹس کی فراہمی کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جن زائرین کے ٹیسٹ منفی ہوں گے انہیں گھروں کو جانے کی اجازت دے دی جائے گی ‘ اجلاس میں ہوٹلوں، تجارتی مراکز اور پبلک ٹرانسپورٹ کے مالکان کو ڈس انفیکشن اسپرے کرانے کی ہدایت کی گئی ۔