رہائشی منصوبے میں ’’آباد‘‘کے تعاون کا خیر مقدم کرینگے،گورنر سندھ

296

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل سے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپر ز (آباد) کے وفد نے گورنرہائوس میں ملاقات کی ۔ وفد کی قیادت آباد کے چیئر مین محسن شیخانی کررہے تھے ۔ وفد میں سہیل وارند ، حسین بخشی اورعلی توفیق شامل تھے۔ ملاقات میں روزگار کی فراہمی میں تعمیراتی صنعت کی اہمیت، اسے درپیش مسائل ، وزیراعظم کے نیا پاکستان ہائوسنگ پروجیکٹ، کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنر کے مشیر امید علی جونیجو اور رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی بھی موجود تھے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبہ انقلابی اقدام ہے جسے پایہ تکمیل تک پہنچانے میں آباد کے تعاون کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعمیراتی صنعت سے کئی شعبے کسی نہ کسی شکل میں منسلک ہیںاور اس صنعت سے لاکھوں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے اس لیے اسے درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جائے گا۔ گورنرسندھ نے کہا کہ دنیا بھر میں پھیلنے والے کورونا وائرس سے پاکستان کو بھی خطرہ لاحق ہے اس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔ آباد کے چیئرمین محسن شیخانی نے کہا کہ نیا پاکستان منصوبہ رہائشی مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوگااس ضمن میں آباد تعاون کرنے کیلیے تیار ہے اورتعمیراتی صنعت کو درپیش مسائل حل کرنے سے عوام کو بہتر رہائشی سہولیات فراہم کی جاسکتی ہیں۔