تاجر خوراک اور ادویات کی سپلائی کم نہ ہونے دیں

117

حیدرآباد (کامرس ڈیسک) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر دولت رام لوہانہ نے حیدرآباد ضلع کے سپر اسٹورز، مارٹس اور دُکاندار سے متعلق بزنس کمیونٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ خوراک، ادویات اور دیگر سپلائی عوام کو مسلسل جاری رکھیں اور اُس میں کمی نہ آنے دیں تاکہ لوگ پریشانی کا شکار نہ ہوں۔ اگر بزنس کمیونٹی کو اِس سلسلے میں کوئی رُکاوٹ پیش آئے تو چیمبر سیکریٹریٹ سے یا ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کے دفتر میں قائم سیل سے رُجوع کریں۔ علاوہ ازیں سپر اسٹورز، مالوں، مارٹس اور دُکانوں میں زیادہ رش یا جمگھٹا نہ ہونے دیں تاکہ حکومتی ہدایت کے تحت کرونا وائرس کے پیشگی اثرات سے بچا جاسکے۔ اُنہوں نے بزنس کمیونٹی کو ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کی درخواست کی تاکہ اِس پُرآشوب دور میں آنے والی آفت سے بحسن و خوبی مقابلہ کیا جاسکے اور عوام کی جان اور مال کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔ اُنہوں نے بزنس کمیونٹی سے مزید اپیل کی کہ وہ اِس مشکل دور میں بے جا منافع سے پرہیز کریں اور کم سے کم منافع پر لوگوں کو اشیاء فروخت کریں کیونکہ ہماری مشترکہ جدوجہد اور ایثار سے ہی اِس مشکل پر باہمی طور پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ اُنہوں نے ضلعی انتظامیہ خاص طور پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد محترمہ عائشہ ابڑو کی جانب سے کرونا وائرس کے سلسلے میں کیے گئے اقدام کو سراہا اور اُنہیں بزنس کمیونٹی کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔