کھانے پینے کے کاروبار سے منسلک افراد کے لیے ہدایت نامہ جاری

130

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورونا وائرس کی پھیلتی ہوئی وبا کے خدشے کے پیشِ نظر سندھ فوڈ اتھارٹی (ایس ایف اے)نے کھانے پینے کے کاروبار سے منسلک افراد کے لیے ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔سندھ فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ کھانے پینے کے کاروبار سے منسلک تمام ملازمین کے لیے ماسک، جراثیم کش صابن، سینی ٹائزر اور ڈرائیر فراہم کیے جائیں۔ترجمان سندھ فوڈ اتھارٹی نے بتایاکہ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ باورچی اور فوڈ ہینڈلرز سے دورانِ کام تمام احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرایا جائے۔ترجمان سندھ فوڈ اتھارٹی کے مطابق تمام ملازمین نزلہ، زکام اور کھانسی سے متعلق اپنے فوڈ سپروائزر کو اطلاع کریں۔ترجمان نے بتایاکہ ملازمین کے جسمانی درجہ حرارت کو یومیہ چیک کیا جائے، اس کا ریکارڈ رکھا جائے، جبکہ بخار اور کھانسی کی صورت میں فوری حکومتِ سندھ سے رجوع کیا جائے۔