حکومت معیشت کے لئے ریسکیو پیکج کا اعلان کرے ،میاں زاہد حسین

213

کراچی(اسٹاف رپورٹر)میاں زاہد حسین نے کہا کہ درجنوں ممالک اپنی معیشت کو سہارا دینے کے لیے شرح سود کم اور دیگر اقدامات کر رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ تقریباً تمام ممالک کی معیشت کمزور ہو رہی ہے جبکہ ایس ایم ای سیکٹر کو زبردست خطرات لاحق ہیں۔اگر وباء جاری رہی تو کاروبار دیوالیہ ہونا شروع ہو جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر معیشت کو سنبھالنے کے لیے مالی اقدامات کا اعلان کرے۔ ایف پی سی سی آئی کی مرکزی کمیٹی برائے انشورنس کے کنوینر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا کہ کرونا وائرس نے انشورنس کے شعبہ کے لیے سنگین مسائل کھڑے کر دیے ہیں۔لائف انشورنس، گروپ انشورنس، ہیلتھ، ٹریول، لاجسٹکس، کراپ اور میرین انشورنس سمیت کئی شعبے بری طرح متاثر ہوئے ہیں تاہم اس وباء کی وجہ سے انشورنس کے شعبہ کے لیے ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے معروف تاجر رہنما میاں زاہد حسین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انشورنس سیکٹر اس وائرس سے پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کرنے کے قابل نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ دنیا بھر میں نمائشیں، کانفرنسیں اور اہم میٹنگیں منسوخ ہو رہی ہیں، پراپرٹی کے شعبہ میں دنیا کی سب سے بڑی نمائش موخر جبکہ ورلڈ موبائل کانگریس بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔جولائی میں جاپان میں ہونے والے اولمپکس کا انعقاد بھی خطرات سے دوچار ہے جس میں جاپان کی حکومت بارہ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکی ہے جبکہ نجی شعبہ نے بھی اربوں ڈالر کا سرمایہ لگا رکھا ہے۔اولمپکس ملتوی یا منسوخ ہونے سے عالمی سیاحت،ا سپورٹس اور انشورنس انڈسٹری کو بھی اربوں ڈالر کا نقصان ہو گا۔