بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں کا داخلہ کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ سے مشروط

313

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایوی ایشن ڈویژن نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کا داخلہ ائرپورٹس پر کورونا وائرس ٹیسٹ کی مصدقہ رپورٹ کی فراہمی سے مشروط کر دیا ہے جبکہ اندرون ملک سفر کرنے والوں کی ائرپورٹ پر اسکریننگ کی جائے گی۔ اس شرط کا اطلاق 21 مارچ سے پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بجے سے آنے والی پروازوں پر ہوگا۔ اس بات کو لازم قرار دیا گیا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے مسافر نے اپنا ٹیسٹ پرواز سے 24 گھنٹے قبل کرایا ہو اور ٹیسٹ کی رپورٹ میں مسافر کا نام اور پاسپورٹ نمبر شامل ہونا ضروری ہے۔ اس حوالے سے تمام ائر لائنز کو واضح طور پر ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ اس بات کا اعادہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کی حدود میں داخلے کی اجازت صرف اور صرف کورونا وائرس کی مصدقہ رپورٹ کی فراہمی کی صورت میں ہو گی، یہ شرط 4 اپریل تک برقرار رہے گی۔ رپورٹ کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم جمع کرانا بھی لازم ہے۔ اندرون ملک پروازوں کے مسافروں کے لیے ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر مسافروں کی اسکریننگ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اسکریننگ کے عمل کا اطلاق بھی 21 مارچ کی صبح 5 بجے سے ہو گا۔