سراج الحق کا مختلف ممالک میں مقیم پاکستانی ذمے داران کو فون

246

لاہور (نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اٹلی ، اسپین ، ڈنمارک سمیت یورپ میں مقیم پاکستانی ذمے داران کو فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی ہے ۔ یورپ سے کورو نا وائرس کے حوالے سے آنے والی تشویشناک خبروں کے تناظر میں سینیٹر سراج الحق نے یورپی ممالک میں مقیم پاکستانی شہریوں اور جماعت اسلامی کے ذمے داران کو ہدایت کی کہ وہ وبائی مرض سے بچائو کے لیے اپنے خاندانوں سمیت ہرپاکستانی شہری کی حفاظت کو بھی مقدم رکھیں ۔ مشکل کی اس گھڑی میں اسلامی تعلیمات کی صحیح تصویر پیش کرنے کا یہ سنہری موقع ہے ۔ یہ موقع ثابت کرے گا کہ اسلام ساری انسانیت کے لیے رحمت اور پوری انسانیت کی خدمت کی تعلیم دیتاہے ۔ انہوںنے اس بات پر بھی زور دیا کہ خوف کا شکار ہوئے بغیر تمام ضروری احتیاطی تدابیر کی پابندی کریں اور ملکی قوانین کا احترام کرتے ہوئے ان کے نفاذ میں تعاون کریں۔ توبہ و استغفار کو اپنا معمول بنائیں اور رجوع الی اللہ اور اللہ تعالیٰ سے تعلق کی طرف خصوصی توجہ دیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس آفت سے بچایا جاسکے ۔