سندھ میں کورونا کے 181 مریض، دو صحت یاب ہوگئے

521

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ آج مزید 9 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی  ہے جب کہ مہلک وبا کے شکار 2 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ میں کورونا وائرس کے 9 نئے کیسز سامنے آگئے ہیں جس کے بعد صوبے بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 181 ہوگئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جو 9 نئے کیس سامنے آئے ہیں یہ افراد تفتان سے سکھر آئے تھے اور انہیں قرنطینہ کیا گیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ صوبے بھر میں 844  کورونا وائرس کےٹیسٹ کیے جاچکے ہیں، وفاقی حکومت نے اب تک صرف 200 ٹیسٹ کٹس دی ہیں جب کہ سندھ حکومت نے اپنے طور پر 10 ہزار ٹیسٹ کٹس برآمد کر لی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے ہر مریض کو آئیسولیش وارڈ میں رکھا گیا ہے، اسپتالوں کوبند کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا، سرکاری سطح پرصرف تین اسپتالوں میں کورونا کے حوالے سے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ آغاخان اسپتال،انڈس اسپتال،ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں سرکاری سطح پرٹیسٹ ہورہے ہیں،آغا خان  میں 506، انڈس میں 277 اور ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں 61 ٹیسٹ ہوئے ہیں۔