مقبوضہ کشمیر میں کورونا کے شبے میں2157 افراد قرنطینہ منتقل

196

جموں/ سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں قابض انتظامیہ نے کہا ہے کہ مشتبہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے ساتھ رابطے میںرہنے والے2157 افراد کومقبوضہ علاقے میںقرنطینہ میںرکھا گیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ کی اطلاعات میں میں کہاگیا ہے کہ 1829 افراد کو گھروں میں ہی جبکہ 29 افراد کواسپتال میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ اطلاعات میں مزید کہا گیا ہے کہ متاثرہ افراد کے101 نمونے جانچ کے لیے بھیجے گئے تھے ، جن میں سے صرف 2 افراد ہی وائرس سے متاثرہ پائے گئے ہیں اور87 افراد صحت مند ہیں جبکہ 12 مریضوں کے ٹیسٹوں کے نتائج ابھی موصول نہیں ہوئے ۔ ادھر 168 افراد نے اپنی 28 روزہ نگرانی کی مدت مکمل کرلی ہے۔علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں لوگوں نے پابندیوںکو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ضلع کولگام کے مختلف علاقوں میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے 4 نوجوانوںکی نماز جنازہ میں میں شرکت کی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے مظفر احمد ، عمر امین ، سجاد احمد اور گلزار احمد کو گزشتہ روز ضلع اسلام آباد کے علاقے وتری گام میں تلاشی اور محاصرے اور تلاشی کی پر تشدد کارروائیوںکے دوران شہید کردیا تھا۔ لوگوںنے آزادی، سیدعلی گیلانی اور پاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔ چار وں نوجوانوںکو ضلع کولگام میں ان کے آبائی علاقوں ٹنگ پورہ ، فرصل اور تاری گام میں آہو ں اور سسکیوں میں سپرد خاک کیاگیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے حال ہی میں اسلام آباد اور بارہمولہ اضلاع میں شہید ہونے والے نوجوانوںکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ قابض بھارتی فو ج کو مقبوضہ علاقے میں نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید اور بلاجواز گرفتارکرنے کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔