کورونا وائرس سے امریکا کو لاک ڈاؤن کرنا پڑا تو کریں گے

550

نیوریارک: امریکا میں وبائی امراض کے نامور ماہر اور ڈونلڈ ٹرمپ کی کورونا وائرس ٹاسک فورس کے رکن ڈاکٹر انتھونی فاسی نے کہا کہ اگر کورونا وائرس کو روکنے کیلئے امریکا کو مکمل طور پر لاک ڈاؤن بھی کرنا پڑا تو وہ اس کی حمایت کریں گے۔

ڈاکٹر انتھونی فاسی نے کہا کہ “امریکیوں کو یہ حقیقت سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جب امریکا بیماری کا پھیلاؤ روکنے کی کوشش کرے گا تو ملک کے حالات بہت مختلف نظر آنے لگیں گے۔

دوسری جانب نیویارک کے میئر بل ڈی بلاسیو نے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیویارک میں کورونا کا تیز رفتار پھیلاؤ روکنے کےلیے لاک ڈاؤن سمیت ہر طرح کے اقدامات زیرِ غور ہیں۔

Image result for coronavirus new york

واضح رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس سے بدترین متاثرہ شہروں میں نیویارک سٹی سرِ فہرست ہے جہاں اس کے مریضوں کی تعداد صرف ایک ہفتے کے اندر اندر 25 سے بڑھ کر 270 ہوچکی ہے۔ میئر نیویارک نے خدشہ ظاہر کیا ہے اگلے چند دنوں کے اندر اندر یہ تعداد 1000سے بڑھ سکتی ہے۔

ہنگامی حالات کے پیشِ نظر میئر نیویارک نے صدر ٹرمپ سے فوری مدد کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اشیائے صَرف کی فراہمی بحال رکھنے کیلئے امریکا کی وفاقی حکومت ذمہ داری سنبھال لے کیونکہ یہ معاملہ مقامی حکومت کے بس سے باہر ہوتا جارہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق، امریکا میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 102 متاثرین سامنے آچکے ہیں، جس کے بعد وہاں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3782 ہوچکی ہے جن میں سے 69 کی موت واقع ہوچکی ہے۔