پی ایس ایل 5: لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا لگ گیا

590

کراچی(موسیٰ غنی): پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو میں سیمی فائنل سے قبل لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا لگ گیا۔

پاکستان سپر لیگ میں لاہور کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلوی کرکٹرکرس لین نے اعلان کیا کہ وہ پی ایس ایل چھوڑ کر فوری طور پر وطن واپس جارہے ہیں۔ کرس لین نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ انہوں نے پاکستان میں اپنا قیام انجوئے کیا لیکن موجودہ حالات میں انہوں نے گھر واپس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

آسٹریلوی کھلاڑی کرس لین کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ مؤقف اختیار کیا کہ زندگی میں کرکٹ کے علاوہ بھی بہت کچھ ہے اور یہی ان کے فیصلے کی بنیاد ہے، کرس نے امید ظاہر کی کہ ناک آؤٹ مرحلے میں ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔

یاد رہے کہ جارح مزاج بیٹسمین نے گزشتہ روز لاہور قلندرز کی جانب سے 55 گیندوں پر 113 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر لاہور قلندرز کو ملتان سلطانز کے خلاف فتح دلواکر ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا تاہم وہ اب سیمی فائنل میں لاہور کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

https://www.instagram.com/p/B9xPjinHgQg/?utm_source=ig_web_copy_link

اس سے قبل پی ایس ایل چھوڑ کرجانے والوں میں (کراچی کنگز)ایلکس ہیلز، (ملتان سلطانز) رائیلی روسو اور جیمز ونس ،(پشاور زلمی) ٹام بنٹن، کارلوس بریتھ ویٹ، لیام ڈاسن، جیمز فوسٹر (کوچ)، لوئس گریگری اور لیام لیونگ اسٹون، (کوئٹہ گلیڈٰ ایٹرز) جیسن رائے اور ٹائمل ملز شامل ہیں ۔

لاہور قلندرز کو اس سےقبل جنوبی افریقا کے ڈیوڈ ویزے اور سری لنکا کے سیکوگے پرسنا نے بھی پی ایس ایل میں اپنا سفر ادھورا چھوڑ کر وطن واپسی کا اعلان کرچکے ہیں۔

یاد رہے کہ غیر ملکی کرکٹرز نے پی ایس ایل ادھورا چھوڑنے کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی پیشکش کے بعد کیا۔