ٹوئٹر کا دنیا بھر میں موجود 4 ہزار 900 دفاتر کو بندکرنے کا اعلان

655

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر نے کورونا وائرس کے خوف کے باعث پوری دنیا میں موجود اپنے دفاتر کو بند کرنے کا اعلان کردیا۔

گزشتہ برس دسمبر میں چین سے منظر عام پر  آنے والا خطرناک کورونا وائرس اب تک دنیا کے 123 ممالک میں پھیل چکا ہے جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 لاکھ 26 ہزار 420 تک پہنچ گئی ہے جس میں سے 60 ہزار 314 افراد صحتیاب بھی ہو چکے ہیں جبکہ 4 ہزار 636 مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں ۔

گزشتہ روز عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس کو عالمگیر وبا بھی قرار دے دیا ہے۔

پوری دنیا میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس کے خوف کے باعث ٹوئٹر انتظامیہ نے دنیا بھر میں قائم اپنے تمام دفاتر بندکردیئے ہیں اور تمام ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ٹوئٹر انتظامیہ کے مطابق ہانگ کانگ، جاپان اور جنوبی کوریا کے تمام ملازمین کو دفتر نہ آنے اور گھروں میں رہ کر کام کرنے کی ہدایت کی گئی تھی مگر کووڈ-19 کے پھیلنے کے خدشے کے باعث تمام دفاتر کیلئے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ کووڈ-19 کے پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر ایپل، ایمازون، مائیکروسافٹ اور گوگل سمیت دیگر ٹیکنالوجی فرمز نے بھی اپنے کچھ ممالک کے دفاتر بند کر رکھے ہیں جبکہ ٹوئٹر نے پوری دنیا میں موجود 4 ہزار 900 دفاتر کو بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

قبل ازیں ٹوئٹر، فیس بک اور ایمازون کے کچھ ملازمین بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے جن کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔