کراچی ، پی ایس ایل میچز میں اسٹیڈیم شائقین کے لیے بند

528

پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز نے سندھ حکومت کی سفارش پر کورونا وائرس کے باعث نیشنل اسٹیڈیم کراچی شائقین کرکٹ کے لیے بند کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان کا کہنا ہےکہ تمام اسٹیک ہولڈرزکی مشاور ت اورسندھ حکومت کی سفارش پر غور کرنے کے بعد فیصلہ ہوا ہے کہ پی ایس ایل 2020 کے آئندہ میچز خالی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد کروائےجائیںگے،اس فیصلے کا اطلاق 13 مارچ بروز جمعہ سے ہوگا تاہم آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے مابین میچ کے لیے اسٹیڈیم کا رخ کرنے والے تماشائیوں سے درخواست ہے کہ وہ حکومتِ سندھ کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری پر مکمل عمل کرتے ہوئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

وسیم خان نے مزید کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں بدلتی صورتحال کے بعد ایونٹ کے شرکا کی حفاظت اورصحت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ فیصلہ کھلاڑیوں، آفیشلز، تماشائیوں اورمیڈیا کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔اس فیصلے کا اطلاق پی سی بی سے منظور شدہ کمرشل پارٹنرز، میڈیا نمائندگان اور دیگر سروس فراہم کرنے والے افراد پر نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اور فرنچائز مالکان کےاہلخانہ کو بھی اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ پی سی بی مداحوں سے بھی درخواست کرتا ہوں کہ وہ کھلاڑیوں سے آٹوگراف ، تصاویر یا سیلفیز لینے سے اجتناب کریں۔ کرکٹ میں صحت اورسیفٹی کو ہمیشہ ترجیح دی جاتی ہے۔ پی سی بی کھلاڑیوں، آفیشلز، تماشائیوں، میڈیا، سروس پرووائیڈرز اور سیکورٹی اہلکاروں کی صحت اور حفاظت کا مکمل خیال رکھتا ہے۔

وسیم خان کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی کھلاڑیوں اور ٹیموں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اوراس حوالے سے انہیں مکمل باخبر رکھا جارہا ہے۔ کھلاڑیوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے اور ہم اس سلسلے میں ان کے تعاون کے مشکور ہیں۔

اس حوالے سے ٹکٹوں کی واپسی پی سی بی کی ری فنڈ پالیسی کے تحت بذریعہ ٹی سی ایس مراکز اور www.yayvo.com ہوگی، جس کی تفصیلات جلد جاری کردی جائیں گی۔

آئی سی سی کی میڈیکل ایڈوائزری مندجہ ذیل ہے:

• صابن یا پانی سے20 سیکنڈز تک ہاتھ دھوئیں،اگر صابن یا پانی دستیاب نہیں تو سینیٹائزر کا استعمال کریں جس میں کم از کم 60 فیصد الکوحل ہو،دھوئے بغیر اپنی آنکھوں، ناک اور منہ پر ہاتھ مت لگائیں،بیمار لوگوں سے دور رہیں،اگر آپ بیمار ہیں تو سفر سے اجتناب کریں،کھانسی اور بخار کی صورت میں طبی امداد حاصل کریں،اگر آپ بیمار ہیں تو گھر میں رہیں،چھینکتے وقت ٹشو پیپر یا رومال کا استعمال کریں،استعمال کے بعد ٹشو پیپر یا رومال کو کوڑا دان میں ضرور ڈالیں،متواتر استعمال والی اشیا کی صفائی کا خاص خیال رکھیں