جعلی ڈگری والے چیف انجینئر کو اسٹیشن افسر کا چارج چھوڑنے کا حکم

825

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) بلدیہ عظمٰی کراچی نے جعلی ڈگری کا استعمال کرنے والے عہدے سے برطرف چیف فائرآفیسر مولانا تحسین صدیقی کو حکم پر مکمل عمل درآمد نہ کرنے پر ایک اور نوٹس جاری کردیا ۔

سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم جمیل فاروقی نے 3 مارچ کو لکھے گئے ایک لیٹر کے ذریعے فائر برگیڈ ڈپارٹمنٹ کے سابق چیف فائر آفیسر تحسین صدیقی سے کہا تھا کہ آپ کو چیف فائر آفیسر کے عہدے کے ساتھ اسٹیشن آفیسر بولٹن مارکیٹ کا چارج چھوڑنے کا بھی حکم دیا گیا تھا، لیکن تاحال اس ہدایت پر عمل نہیں کیا ۔ حالانکہ آپ اس قابل نہیں رہے کہ آپ کو محکمے کے کسی اہم عہدے پر رکھا جاسکے ، لہذا حکم دیا جاتا ہے کہ جلد سے جلد اسٹیشن آفیسر بولٹن مارکیٹ فائر اسٹیشن کا عہدہ چھوڑکر محکمہ ایچ آر ایم کو رپورٹ کی جائے ۔

ذرائع کے مطابق میئر وسیم اختر کے حکم مذکورہ افسر تحسین صدیقی کے خلاف محکمہ جاتی تحقیقات کے لیے بلال منظر( سینئر ڈائریکٹر پے رول) کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے ۔

کمیٹی کے دیگر ارکان میں ایڈینشنل ڈائریکٹر فائربرگیڈ شمس الدین، ڈائریکٹر بجٹ ناصر محمود ، ڈائریکٹر انٹرنل آڈٹ محمد سہیل اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ایچ آر ایم محمد احسان شامل ہیں ۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ سات یوم میں تحسین صدیقی کے خلاف انکوائری کرکے رپورٹ محکمہ ایچ آر ایم کو پیش کی جائے ۔

واضح رہے کہ گریڈ 17 کا تحسین صدیقی قائم مقام چیف فائر آفیسر کی حیثیت سے تقریبا دو سال سے تعینات تھا، اس دوران محکمہ کی کاکردگی بری طرح خراب ہوئی ۔