اسٹاک مارکیٹ کریش، ڈالر کی قدر میں دو روپے 70 پیسے کا اضافہ

581

کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ 1160 پوائنٹس کی کمی کے نتیجے میں کریش کرگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں دو روپے 70 پیسے کا اضافہ ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا وائرس،سعودی عرب کے سیاسی حالات اورعالمی مارکیٹس میں تیل کی قیمتوں میں کمی نے پاکستانی معیشت پر گہرا اثر ڈالا ہے جس کے باعث کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی بازار حصص شدید مندی کا شکار ہوگیا اور لین دین معطل کردیا گیا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 2 ہزار 275 پوائنٹس کی کمی سے 35 ہزار 943 کی سطح تک گر گیا اور 6.33 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تاہم پونے گھنٹے کے وقفے کے بعد لین دوبارہ شروع ہوا تو مارکیٹ نے کچھ  حد تک ریکوری کی اور کاروبار کے اختتام پر  مجموعہ طور پر 1160 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب ڈالر کی قیمت میں خاطر خواہ اضافہ ہوگیا ہے، ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق ڈالر آج 157 روپے میں فروخت ہوا جو کہ جمعے کو 154.30 روپے میں دستیاب تھا۔

اسی طرح انٹر بینک میں بھی ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا اور آج یہ 157.90 روپے میں فروخت ہوا۔