ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دیکر پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلیا

590

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل ) فائیو کے 22ویں میچ میں ملتان سلطانز  نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دیکر پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے بارش سے متاثرہ میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بارش اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث میچ کا آغاز مقررہ وقت سے تقریبا سوا 2 گھنٹے تاخیر سے ہوا، دونوں ٹیموں کے درمیان میچ بارش کے باعث 9 اوورز تک محدود کردیا گیاتھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر کولن منرو کے علاوہ کوئی بلے باز بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتےرہے،ابتدائی تین بلے بازوں کے علاوہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا کوئی بلے باز بھی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا اور مقررہ 9 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز ہی بناسکے ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سےکولن منرو 25، لیوک رانکی 18 اور شاداب خان 14 رنز بناکر نمایاں رہے۔

عمران طاہر اور جنید خان  نے 2،2 جبکہ معین علی  نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانزنےمطلوبہ ہدف ساتویں اوور کی چوتھی گیند پر ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔اوپنر جیمز ونس نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے محض 20 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی ۔

ملتان سلطانز کی جانب سے جیمز ونس 61 اورمعین علی 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہےجبکہ ذیشان اشرف 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کی ٹیم 11 پوائنٹس کے  ساتھ  پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 7 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔