پارلیمنٹ پیٹرولیم لیوی کی آڑ میں اربوں روپے لوٹنے کی تحقیقات کرے‘ شہبازشریف

201

لندن (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کی آڑ میں قوم سے اربوں روپے اضافی لوٹنے کے معاملے کی پارلیمنٹ میں تحقیقات ہونی چاہیے‘ تحقیقات ہونی چاہیے کہ اوگرا کی ڈیزل میں12.04روپے کمی کی تجویز کے باوجود 5 روپے کمی کی منظوری کیوں دی گئی؟پیٹرولیم لیوی کی مد میں اضافی10ارب روپے ماہانہ لوٹنے والی حکومت کس منہ سے غریب کی بات کرتی ہے؟ ڈیزل پر 25 روپے، پیٹرول پر19روپے سے زاید وصولی اور مٹی کے تیل پر پیٹرولیم لیوی 105.5 فیصد بڑھانا ظلم کی انتہاہے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان
میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان مہنگائی کی تلوار سے عوام کو قتل بھی کر رہے ہیں‘ پھر معصوم بننے کا قابل مذمت ڈرامہ بھی کرتے ہیں‘ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود قوم پر یہ ظلم کیا جا رہا ہے‘ اس کا حساب دینا ہوگا‘دونوں ہاتھوں سے قوم کو لوٹنے کے باوجود مالی سال کے پہلے8 ماہ میں 480 ارب سے زاید کا ریونیو خسارہ ہوا ہے‘ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں 12.4فیصد کا اضافہ ناقابل برداشت ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آٹا، چینی چور حکومت چلارہے ہوں گے تو غریب کا چولہا جلے گا نہ کاروبار چلے گا‘ حکومت اور اس میں شامل لوگوں کا پیٹ بھرے گا تو غریب کو کچھ ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شفافیت کا یہ عالم ہے کہ وزیراعظم کو مافیا کا پتا ہے لیکن بتا نہیں رہے‘آٹا چینی چوری کے حقائق چھپالیے گئے‘ وزیراعظم آٹا چینی چوروں کو کیوں تحفظ دے رہے ہیں؟۔