سرکلر ریلوے ٹریک پر تجاوزات کے خلاف آپریشن منسوخ

251

کراچی (نمائندہ جسارت)کراچی سرکلر ریلوے کے ٹریک سے تجاوزات کے خاتمے کیلیے 2 مارچ سے ہونے والا آپریشن کمشنر کراچی کے حکم پر غیر معینہ مدت تک منسوخ کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ریلوے ٹریک (کے سی آر) کی حدود میں عدالت عظمیٰ کے احکامات پر گزشتہ روز کمشنر کراچی نے آپریشن کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم نامعلوم وجوہ پر آپریشن منسوخ کردیا گیا ہے۔ ریلوے ذرائع کے مطابق آپریشن کمشنر کراچی کی حکم پر منسوخ کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں کمشنر کراچی سے متعدد مرتبہ رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم انہوں نے کال ریسو نہیں کی۔ ریلوے ٹریک تجاوزات آپریشن کے حوالے سے ہفتے کو ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کراچی کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق کراچی سٹی اسٹیشن سے ڈرگ روڈ تک لوپ لائن کے ملحقہ علاقوں اور کراچی سٹی اسٹیشن سے لانڈھی تک مین لائن کے ملحقہ علاقوں کے قابضین سے اراضی واگزار کرانا تھی۔ دوسری جانب گلشن اقبال بلاک 13-D سے گزرنے والے ریلوے ٹریک کے اطراف قائم مکانات اور فرنیچر مارکیٹ کے دکانداروں کی جانب سے مزاحمت کے خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے، اس ضمن میں علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے زندگی بھر کی جمع پونجی سے مکانات خریدے ہیں کسی صورت مسمار کرنے نہیں دیں گے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ جب ریلوے ٹریک پر مکانات بنائے جارہے تھے تب کیوں نہیں روکا گیا۔ تمام مکانات لیز ہیں سیکڑوں لوگوں کے کروڑوں روپے فرنیچر کے کاروبار میں لگے ہوئے ہیں، یک جنبش قلم سیکڑوں لوگوں کے بے گھر اور بیروزگار کرنے سے قبل حکومت متبادل روزگار اور رہائش فراہم کرے، علاقہ مکینوں نے چیف جسٹس سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کی ہے۔