رکن قومی اسمبلی صلاح الدین کا لیاقت یونیورسٹی اسپتال کا دورہ

161

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد کے رُکن قومی اسمبلی محمد صلاح الدین نے لیاقت یونیورسٹی اسپتال انتظامیہ کے ہمراہ اسپتال میں قائم کورونا وائرس کے لیے بنائے گئے آئسولیشن وارڈ اور بچوں کے جدید طرز کے ایمرجنسی وارڈ سمیت دیگر شعبوں کا دورہ کیا اور وہاں کیے جانے والے انتظامات میں دلچسپی لی۔ ان کے ہمراہ اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مظہر علی کلہوڑو، ڈائریکٹر ایڈمن عبدالستار جتوئی، اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر شوکت لاکھو، اے ایم ایس ڈاکٹر محمد شاہد جونیجو، اے ایم ایس ڈاکٹر محمد صدیق پہوڑ، ڈاکٹر نعیم میمن اور دیگر بھی موجو دتھے۔ اسپتال کے دورے کے موقع پر رُکن قومی اسمبلی صلاح الدین نے کہاکہ اسپتال انتظامیہ کی کاوشوں کے نتیجے میں اسپتال میں خاصے ترقیاتی کام کرائے گئے ہیں جس کے بعد یہ محسوس نہیں ہوتا کہ یہ سرکاری اسپتال ہے۔ اسپتال میں صفائی ستھرائی کے علاوہ علاج معالجے کی صورتحال بھی تسلی بخش ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول اسپتال حیدرآباد جوکہ نہ صرف حیدرآباد بلکہ دیگر اضلاع سے علاج کے لیے آنے والے غریب مریضوں کی امید کا محور ہے، مہنگائی کے اس دور میں اب علاج معالجہ بھی غریب عوام کی پہنچ سے دور ہوگیا ہے، ایسے میں قابل مبارکباد ہے سول اسپتال کی انتظامیہ جس نے اسپتال میں نہ صرف علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کی ہے بلکہ ایم آر آئی، سی ٹی اسکین سمیت پیتھالوجی ٹیسٹ بھی مفت کیے جارہے ہیں جوکہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس تیزی سے دنیا بھر میں پھیل رہا ہے اس لیے سول اسپتال حیدرآبا دمیں بھی اس کے ممکنہ علاج کے لیے ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جانی چاہییں۔ اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مظہر علی کلہوڑو نے رُکن قومی اسمبلی اور ان کے ساتھ آنے والے یوسی چیئرمینوں کو اسپتال میں مریضوں کو علاج کے لیے دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے بتایا کہ اسپتال کے مختلف شعبوں میں 24 گھنٹے مریضوں کو علاج کی سہولیات دی جاتی ہے۔ ہمارے پاس مختلف شعبوں کے ماہر ڈاکٹر علاج کے لیے کسی بھی قسم کی کسر اٹھائی نہیں رکھتے۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں علاج کی بہتر سہولیات کے سبب اب مریضوں کے رش میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، اسی لیے ہم نے شام میں بھی او پی ڈی کی سہولیات شروع کی ہوئی ہیں، جس سے روزانہ سیکڑوں مریض استفادہ کررہے ہیں۔