نوابشاہ ،پابندی کے باوجود زائد قیمت پر ماسک کی فروخت

169

نوابشاہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) میڈیکل اسٹوروں پر زائد قیمت پر ماسک بیچنے کا معاملہ شدت اختیار کرگیا، کیمسٹ ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کی معطلی کا مطالبہ، میڈیکل اسٹور غیر معینہ مدت کے لیے بند، تین اضلاع کے ہزاروں مریضوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں، کسی قسم کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، زائد قیمت وصول کرنے والوں کیخلاف کارروائی جارہی رہے گی، اسسٹنٹ کمشنر۔ ڈپٹی کمشنر کا میڈیکل اسٹور پر چھاپا اور زائد قیمت پر ماسک کی فروخت کیخلاف کیمسٹ ایسوسی ایشن اور ضلعی انتظامیہ میں انا کی جنگ شدت اختیار کرگئی، کیمسٹ ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس۔ اس سلسلے میں کیمسٹ ایسوسی ایشن کے صدر دیدار رند نے میڈیا کو بتایا کہ ہمیں زائد قیمت پر ماسک مل رہے تھے، جس پر ہم نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ زائد نرخ پر ماسک مل رہے ہیں، جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مارکیٹ میں ماسک شارٹ نہیں ہونے چاہییں، اس کے باوجود ڈپٹی کمشنر نے بلا جواز چھایا مارکر اسٹور کو سیل کیا اور ملازمین حراست میں لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری دفاتر میں دھڑلے سے رشوت وصول کی جارہی ہے، ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ہے، جب تک ڈپٹی کمشنر ابرار جعفر اور اسسٹنٹ کمشنر کو معطل نہیں کیا جائے گا میڈیکل اسٹور غیر معینہ مدت کے لیے بند رہیں گے اور اس کا دائرہ کار ضلع تک بڑھایا جائے گا۔ دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر طارق علی سولنگی کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کسی قسم کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی اور ماسک کے زائد نرخ وصول کرنے والوں کیخلاف کارروائی جارہی رہے گی۔ دوسری جانب شہر بھر کے میڈیکل اسٹور بند ہونے سے تین اضلاع کے ہزاروں مریضوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئی ہیں، مریض دوائوں کے لیے پریشان ہیں۔