بدین،محکمہ ہائی ویز کے معذور ملازمین 13 ماہ سے تنخواہوں سے محروم

280

بدین (نمائندہ جسارت) محکمہ ہائی ویز بدین میں معذور افراد کے کوٹے پر بھرتی ہونے والے ملازمین کو 13 ماہ گزرنے کے باوجود تنخواہیں نہیں مل سکیں، معذور ملازم حبیب اللہ کھوسہ کا بدین پریس کلب کے سامنے احتجاج۔ محکمہ ہائی ویز بدین میں معذور افراد کے کوٹے پر بھرتی ہونے والے ملازم حبیب اللہ کھوسہ کو 13 ماہ گزر جانے کے باوجود تنخواہ کی عدم ادائیگی کیخلاف بدین پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے آفس کا چکر کاٹنے پر مجبور ہوں لیکن افسران مجھے تنخواہ کے بہانے تسلیاں دے رہے ہیں۔ تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے فاقہ کشی اور بدحالی والی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہوں۔ دکانداروں پر لاکھوں روپے کا مقروض ہوچکا ہوں، اب ادھار پر سودا سلف و دیگر اشیا بھی ملنا بند ہوچکی ہیں، جس کی وجہ سے بچوں کا پیٹ پالنے کی سکت بھی نہیں رہی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، ڈپٹی کمشنر بدین، افسران محکمہ ہائی ویز و دیگر حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مجھے تنخواہ کی فوری ادائیگی کرکے فاقہ کشی والی زندگی بسر کرنے سے بچایا جائے۔