لاڑکانہ، نیشنل پیس کونسل کے تحت تین روزہ مفت طبی کیمپ

228

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) خدمت خلق کے جذبے سے سرشار وفاقی حکومت کے زیر سرپرستی فلاح و بہود اور بین المذاہب ہم آہنگی پر کام کرنے والی تنظیم نیشنل پیس کونسل سندھ کی جانب سے متوسط طبقے کی بھلائی کے لیے اقدامات اٹھانے کا سلسلہ جاری، این پی سی سندھ اور سندھ گریجویٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے میرو خان میں تین روزہ فری میڈیکل کیمپ کا قیام کیا گیا، 2 ہزار سے زائد بینائی کے امراض میں مبتلا افراد فیضیاب ہوں گے۔ مرکزی چیئرمین نیشنل پیس کونسل آف پاکستان غلام مصطفی انصاری کی ہدایات پر چیئرمین این پی سی سندھ محمد عاشق پٹھان نے میرو خان کے نجی میڈیکل سینٹر میں فری میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا۔ امراض چشم کے لیے لگائے گئے فری میڈیکل کیمپ میں 2 ہزار سے زائد غریب افراد فیضیاب ہوں گے جبکہ 4 سو سے زائد آپریشن کیے جائیں گے۔ اس موقع پر چیئرمین این پی سی محمد عاشق پٹھان سمیت دیگر کا کہنا تھا کہ نیشنل پیس کونسل کار خیر کے اقدامات جاری رکھے گی تاہم سندھ حکومت کو بھی مریضوں کی بہتری کے لیے مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ فری میڈیکل کیمپ میں حصہ لینے والے معروف ڈاکٹر نعیم کٹپر، ڈاکٹر ذوالفقار مگسی، ڈاکٹر اللہ ڈنو تنیو، ڈاکٹر عبدالستار ودھو کا کہنا تھا کہ گرد و آلود میں اضافے کے باعث امراض چشم میں اضافہ ہورہا ہے، تاہم مریضوں کے فیکو مشین کے ذریعے جدید آپریشنز کیے جائیں گے۔ اس موقع پر چیئرمین لاڑکانہ محمود پٹھان، مالک ڈنو انصاری، صفر گوپانگ، محمد بخش سانگی، آفتاب انصاری، وحید قریشی، ذوالفقار مگسی، محمد علی شیخ، نجم کھاوڑ، خالد عباسی، سہیل سومرو، ارجمند لودھی، ڈاکٹر لکھمی چند سمیت دیگر موجود تھے۔