نوجوان ملک و قوم کی ترقی میں اپنا مثبت کردارادا کریں ،عتیق الرحمن

212

پشاور(وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمن نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو صحت منداور مثبت سرگرمیاں دینے کے ساتھ ساتھ ان کی تنظیم سازی بھی کریں گے تاکہ با صلاحیت نوجوان قیادت کے طور پر اْبھریں اور ملک وقوم کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ جماعت اسلامی نے نوجوانوں کو ایک مقصداور ان کے مسائل کے حوالے سے ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا ہے تاکہ ان کی تنظیم سازی اور تربیت کر کے ان کو سیاسی میدان میں اْتارا جا سکے۔ ہم صرف نعروں سے نہیں بلکہ حقیقت میں نوجوانوں کو اس قوم کا لیڈر بنانا چاہتے ہیں تاکہ وہ ملک وقوم کی تقدیر بدلنے کیلیے اپنا کردار ادا کریں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے زون کوہ دامان متنی میں 23مارچ عزم پاکستان یوتھ کنونشن کے سلسلے میں اجتماع ارکان و جے آئی یوتھ کے ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر ضلع وسابق ممبر صوبائی اسمبلی بیرسٹرجاوید خان مومند ، امیر زون عطا اللہ اور دیگر ذمے داران جماعت اسلامی وجے آئی یوتھ بھی موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عتیق الرحمن نے مزید کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل اور دست و بازوہیں۔ اسلامی اور خوشحال پاکستان کا خواب نوجوان نسل کے ذریعے سے ہی شرمندہ تعبیر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی یوتھ کے لیے 23مارچ کو عزم پاکستان یوتھ کنونشن منعقد کر رہی ہے جس میں لاکھوں نوجوان شرکت کریں گے اور جماعت اسلامی نوجوان نسل کے ساتھ مل کر اسلامی اور خوشحال پاکستان کی راہ ہموار کرے گی۔جس میں ان شاء اللہ تمام نوجوانوں کو روزگار اور با وقار زندگی کی ضمانت دی جائے گی اس کے لیے ہمیں شبانہ روز جدوجہد کا راستہ اپنانا ہوگا بغیر محنت اور کوشش کے کچھ بھی حاصل نہیں کیا جاسکتا۔