سعودی عرب میں کورونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہونے کی تصدیق

244

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک ) سعودی عرب میں کورونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہونے کی تصدیق کر دی گئی، وائرس سے متاثرہ شخص حال ہی میں ایران کا دورہ کر کے مملکت میں آیا تھا، کورونا وائرس کے ممکنہ مریضوں کے علاج کے لے 25 اسپتال تیار کر لیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے مملکت میں کورونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔سعودی خبر رساں اداروں کی جانب سے بتایا جا رہا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ شخص حال ہی میں ایران کا دورہ کر کے سعودی عرب آیا تھا جبکہ متاثرہ شخص سعودی عرب آنے سے قبل بحرین بھی گیا تھا۔ متاثرہ شخص کو فوری طور پر خصوصی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کوزیر نگرانی رکھا جائے گا۔ اس سے قبل جاری ایک بیان میں بتایا گیا تھا کہ سعودی عرب جانب سے کسی بھی ممکنہ وبا کے پیش نظر بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔سعودی وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت میں کورونا وائرس کے ممکنہ مریضوں کے علاج کے لیے 8000 بستروں پر مشتمل 25 اسپتال تیار کرلیے گئے ہیں۔ سعودی وزارتِ صحت کے ترجمان نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا ہے کہ سعودی عرب نے گذشتہ جمعرات کو عمرے پرآنے والے زائرین کے مکہ مکرمہ میں داخلے پر عارضی طور پر پابندی عائد کردی تھی۔ سعودی عرب کی وزارت حج اور عمرہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ اس فیصلہ کے بعد عمرے کی غرض سے آنے والے ایک لاکھ سے زیادہ افراد مملکت سے واپس چلے گئے ہیں۔تاہم ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ غیرملکیوں کے داخلے پر پابندی کے اعلان سے قبل عمرے کے لیے مملکت میں موجود افراد کا قیام کے دوران میں خیرمقدم کیا جائے گا۔ترجمان نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ غیرملکیوں کا عمرے کے ویزے پر داخلہ عارضی طور پر ہی معطل کیا گیا ہے اور اس ضمن میں محکمہ صحت اور سرکاری حکام کی فراہم کردہ معلومات کی روشنی میں مزید فیصلے کیے جائیں گے۔