بلدیہ تھانے کی حدود سے لاوارث نعش برآمد ،ورثاء کی تلاش

231

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) بلدیہ تھانے کی حدود سے نامعلوم شخص کی پانی میں بھیگی ہوئی نعش ملی ہے جس کو پولیس نے تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ اس کے ورثا کی تلاش جاری ہے۔ دوسری جانب حیدرآبادپولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کر کے 6 ملزمان کو 4 کلو سے زاید چرس سمیت گرفتارکر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی پولیس نے تلاشی کے دوران درگاہ ناگو شاہ کے قریب سے ایک ملزم حسن ولد ارشد راجپوت کو 2 کلو 10 گرام چرس سمیت گرفتار کر کے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، گرفتار ملزم سے پھلیلی تھانے کی حدود سے چور ی کی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی ہے۔ اسی طرح اے سیکشن پولیس نے ایس ایچ او حاکم علی جلبانی کے ہمراہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں کر کے ملزم محمد شرف ولد محمد حسن بلیدی کو ایک کلو 50 گرام چرس سمیت، سرف اللہ ولد امان اللہ صافی پٹھان کو ایک کلو 60 گرام چرس سمیت جبکہ عبدالغفور ولد عبدالشکور کو 4 بوتل شراب سمیت گرفتار کر لیا۔ تینوں ملزمان کے خلاف تھانہ اے سیکشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ایک اور جانب تھانہ قاسم آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چیکنگ ریلوے لائن الشہباز کالونی کے قریب سے ملزم حمید ولد شیرا بھٹی کو 110 گرام چرس سمیت گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔ ٹنڈو جام پولیس نے لال چھترا قبرستان ریلوے لائن کے قریب سے عرفان علی عرف جانی ولد ممتاز علی میمن کو 10 لیٹر شراب سمیت گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔