ماسک کی مہنگے داموں فروخت سے متعلق اپیل پر حکومت کو نوٹس

160

کراچی (آن لائن) سندھ ہائی کورٹ نے کرونا وائرس کے ماسک کی مہنگے داموں فروخت سے متعلق درخواست پر وفاقی اورصوبائی حکومت کو نوٹس جاری کردیے ہیں، سندھ ہائی کورٹ میں کرونا وائرس کے ماسک مہنگے داموں فروخت کرنے اور علاج کے حوالے سے درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے عدالت میں موقف اپنایا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے کرونا وائرس کے علاج،تشخیص اور عوام میں آگہی مہم کا آغاز کریں۔ سرجیکل ماسک مافیا کے خلاف کارروائی اور عوام میں مفت ماسک تقسیم کرنے کا بندوبست کیا جائے۔ انتظار کرنے کے بجائے جلد ازجلد اسپتالوں اور دیگر متعلقہ اداروں میں ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی انتظامات کیے جائیں اور ماسک ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ درخواست گزار نے اپنی درخواست میں وفاقی اورصوبائی حکومت سمیت پیمراکو فریق بنایا، جس پر عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ اس میں پیمرا کا کیا تعلق جس پر اسے فریق بنایا گیا ہے۔ اس موقع پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ 140 کے قریب مریضوں کے کورونا میں مشتبہ ہونے کا شک ہے، تو عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ کو یہ کس نے کہا اور کس چینل نے یہ خبر چلائی ؟، وکیل درخواست گزار نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پوسٹ چل رہی ہے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ تو کیا اب سوشل میڈیا پر ہم بھروسہ کریں؟، عدالت نے آئندہ سماعت پر وکیل درخواست گزار کو تیاری کے ساتھ آنے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں عدالت نے صوبائی صحت سیکرٹری صحت سمیت وفاق اور متعلقہ اداروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 6 مارچ تک ملتوی کردی۔