نیب کاخورشید شاہ کے مرحوم بھائی کو بھیجا گیا نوٹس واپس

176

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نیب نے پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید احمدشاہ کے مرحوم بھائی علی نواز شاہ کو طلبی کے لیے بھیجا گیا نوٹس واپس لے لیا۔ نیب کی جانب سے25 فروری 2020 کو جاری ہونے والے نوٹسں میں8 برس قبل وفات پانے والے نواز علی شاہ کو جے آئی ٹی کے سامنے آج 3 مارچ 2020ء کو نیب سکھر کے دفتر میں پیش ہونے کی درخواست کی گئی تھی۔ نوٹس میں کہا گیا تھا کہ اگر وہ اس حکم کی تعمیل کرنے میں ناکام ہوئے تو نیب آرڈیننس1999ء کے تحت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ نیب کے جاری اعلامیے کے مطابق خورشید علی شاہ و دیگر کے خلاف ذرائع سے زائد آمدن کے الزامات کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے یہ بات آئی تھی کہ نواز علی شاہ و دیگر شراکت داروں کے سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن میں رجسٹرڈ شاہ اسپننگ ملز لمیٹڈ کے حصے دار ہیں، اسی سلسلے میں شاہ اسپننگ ملز لمیٹڈ کے شراکت داروں کو بیان ریکارڈ کرنے کے لیے نوٹس بھیجے گئے جس میں علی نواز شاہ بھی شامل تھے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ چیئرمین نیب نے تحقیقات اور اس غلطی کے ذمے دار کی نشان دہی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ واضح رہے کہ نیب سکھر اس سے قبل مرحوم عبدالفتح انڈھڑ کو بھی طلب کرچکا ہے جن کا 7 سال قبل انتقال ہو چکا تھا۔