چودھری شوگر ملز کیس میں نواز شریف کی عدم پیشی کی درخواست

194

 

لاہور(نمائندہ جسارت)احتساب عدالت لاہور نے شریف خاندان کی ملکیت چودھری شوگر ملز کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی حاضری سے معافی کی درخواست پر تحریری حکم جاری کر دیا۔عدالت نے قرار دیا ہے کہ ابھی تک ریفرنس دائر نہیں کیا گیا لہٰذا نواز شریف کی حاضری معافی منظور کی جاتی ہے۔احتساب عدالت کے ایڈمن جج چودھری امیر محمد خان نے تحریری حکم نامہ جاری کیا۔تحریری حکم نامہ ایک صفحے پر مشتمل ہے۔ عدالت نے نواز شریف کی
حاضری سے معافی کی درخواست سے متعلق کہا کہ چودھری شوگر ملز کا ریفرنس دائر نہیں کیا گیا۔ملزم نوازشریف عدالت میں حاضر نہ ہوئے، نوازشریف کے وکیل امجد پرویز نے بتایا کہ ان کی صحت تشویش ناک ہے۔عدالت نے قرار دیا کہ ہائیکورٹ کا حکم نامہ اور ریفرنس بھی ابھی دائر نہیں کیا گیا لہٰذاعدالت نواز شریف کی چودھری شوگر ملز کیس میں حاضری سے معافی منظور کرتی ہے ۔ علاوہ ازیںلاہور کی احتساب عدالت نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کیخلاف ایل ڈی اے سٹی کرپشن اسکینڈل کیس کی مزید سماعت16 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب پراسیکیوٹر سے ریفرنس دائر کرنے سے متعلق مکمل رپورٹ طلب کر لی۔احتساب عدالت کے جج چودھری امیر محمد خان نے کیس کی سماعت کی۔پیر کو سماعت کے موقع پر احد خان چیمہ کو کیمپ جیل سے احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ نیب پراسیکیوٹر کے مطابق الفاء اسٹیٹ کے مالک ملزم آصف ملک اور عبدالرشید نے احد چیمہ وغیرہ کی ملی بھگت سے اربوں روپے کی خوردبرد کی، ملزمان ایل ڈی اے سٹی میں ڈیولپمنٹ پارٹنر تھے لیکن غیر قانونی طور پر کروڑوں روپے کے پلاٹ فروخت کر دیے۔ابتدائی اندازے کے مطابق اربوں روپے کی فائلیں فروخت کی گئیں ۔