وزیر اعظم نے انڈر گریجویٹ اسکالر شپ پروگرام کا افتتاح کردیا

209

 

 

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے احساس انڈر گریجویٹ اسکالر شپ پروگرام کا آغاز کردیا۔تقریب اجرا سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ اس پروگرام کے تحت ہر سال 119 سرکاری جامعات میں 50ہزار اسکالرشپ دی جائیں گی، خواتین کے لے 50فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے، جیسے جیسے وسائل بڑھتے جائیں گے، سکالرشپ پروگرام میں اضافہ ہوتا جائے گا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ اسکالر شپ میرٹ پر دیںگے، کسی کی مداخلت نہیں ہوگی، اس پروگرام سے بہترین ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔وزیراعظم نے کہاکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے فنڈز بڑھائے جائیں گے، نوجوان ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ نوجوانوں کو اچھی تعلیم اور ہنر بھی سکھائیں گے۔ان کے بقول ہم مدینہ منورہ کے ماڈل کی طرف جا رہے ہیں، غریب لوگوں کو عدالتوں سے مفت انصاف دلوائیں گے، اس کے علاوہ پنجاب میں 60 لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ دے چکے ہیں۔ اس ہیلتھ کارڈ سے کسی بھی اسپتال سے علاج کرایا جا سکتا ہے جبکہ غریبوں کے لیے پناہ گاہوں میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔ملک میں اب تک 170پناہ گاہیں تعمیر ہوچکی ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم کی زیر صدارت کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت 25 ہزار روپے سے کم آمدن والے افراد کو راشن کی خریداری میں معاونت کرے گی اور آٹا، چینی، دال اور گھی کی خریداری میں مدد کرے گی۔اجلاس میں کہا گیا ہے کہ وفاق اور صوبے مل کر اِس فیصلے پر عملدرآمد کریں گے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیرِ اعظم کو ملک بھر میں جاری غربت کے ازسر نو سروے کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔