ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلیے علما کردار اداکریں‘عارف علوی

143

اسلام آباد(اے پی پی) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ علما کرام اور مساجد ملک کو درپیش مسائل اور چیلنجز سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کر یں، دنیا کے انسانیت کا درس دینے والے ممالک مہاجرین کو پناہ دینے سے انکاری ہیں لیکن پاکستان نے 51 لاکھ مہاجرین کی میزبانی کی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے معاشرتی اصلاح میں علما کرام کے کردارپر فکری نشست سے خطاب کرتے
ہوئے کیا۔عارف علوی نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کودورہ پاکستان میںبتایا کہ کسی بھی پاکستانی نے افغان مہاجرین کی میزبانی کی مخالفت نہیں کی، ہم نے دہشت گردی اور فرقہ واریت کا متحد ہو کر مقابلہ کیا صدر مملکت نے کہا کہ کوروناوائرس کے پھیلائو کی روک تھام کے لیے ہمیں اقدامات کرنے چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ علما کو قوم سازی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے علما کرام پر زور دیا کہ وہ عوام کو درپیش چیلنجزسے آگاہی کے لیے مساجد میں اپنے خطبات کا بھرپور استعمال کریں۔علاوہ ازیں مختلف مکاتب فکر کے خطبا و علما کرام کے نمائندہ اجتماع نے مشترکہ اعلامیہ میں جھوٹی، من گھڑت اور بغیر تحقیق کے خبریں پھیلانے کو شرعاً ممنوع قرار دیتے ہوئے اس بات کا عہد کیا ہے کہ عوام الناس کو جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلانے سے باز رہنے کی تلقین کرنے کے ساتھ جدید ذرائع ابلاغ کے منفی استعمال کو روکنے میں متحرک کردار ادا کریں گے۔ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہاکہ حقوق و فرائض میں توازن لائے بغیر کوئی ملک اور قوم ترقی نہیں کر سکتی، میڈیا کی طاقت کو ذمے داری کے ساتھ جوڑنا دور حاضر کی ضرورت بن چکی ہے۔معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزاکا کہنا تھا کہ علمائے کرام متعدی امراض کرونا وائرس، خاندانی منصوبہ بندی جیسے چیلنجز سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔