قیدیوں کی رہائی تک انٹرا افغان مذاکرات نہیں ہوں گے،ترجمان طالبان

299

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ طالبان قیدیوں کی رہائی تک انٹرا افغان مذاکرات میں شرکت نہیں کریں گے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جب تک دوحہ میں امریکا کیساتھ طے پانے والے امن معاہدے کی شق(5 ہزار طالبان قیدیوں کو رہائی نہیں مل جاتی )پر عمل نہیں ہوتا تب تک انٹرا افغان مذاکرات ميں شرکت نہيں کريں گے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا طالبان معاہدے کےتحت طالبان کے5 ہزارقیدی 10مارچ تک رہا ہونے ہیں۔

واضح رہے کہ افغان صدر اشرف غنی نےامریکا طالبان امن معاہدے کی اہم شرط سے پیچھے ہٹتے ہوئے کہا تھا کہ  طالبان کے5 ہزار قیدیوں کی رہائی کا کوئی وعدہ نہیں کیا۔

افغان صدر کا کہنا تھا کہ 5 ہزار طالبان قیدیوں کی رہائی کا معاملہ انٹرا افغان مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل کیا جاسکتا ہے،لیکن یہ معاملہ مذاکرات کی پیشگی شرط نہیں بن سکتا، امریکا قیدیوں کی رہائی میں مدد فراہم کر رہا ہے، لیکن اس پر فیصلے کا اختیار افغان حکومت کا ہے۔