ان شااللہ کشمیر جلدپاکستان کاحصہ بنے گا،شیخ رشید

161

اوکاڑہ(اے پی پی)وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان ہونے والا امن معاہدہ سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے۔پی ٹی آئی کے سابق قومی ٹکٹ ہولڈررائو حسن سکندر سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ ر شید نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کا یہ کارنامہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا اور اس معاہدے کے بعد ناصرف دنیا میں امن وخوشحالی آئے گی بلکہ افغانستان اور پاکستان میں ترقی کا دور شروع ہوگا اور 2020 ء کا سال امن اور ترقی کا ہوگا۔ شیخ رشید نے کہا کہ ان شااللہ کشمیر بھی
جلدپاکستان کاحصہ بنے گا۔شیخ رشید نے دہلی میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے وحشیانہ شرمناک سلوک پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ ،امن کی داعی قوتوں ،عالم اسلام اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کو چاہیے کہ فی الفور اپنا کردار ادا کریں۔شیخ رشید نے کہا کہ بھارت کی مودی سرکار نے پہلے گجرات میں مسلمانوں کاقتل عام کیا پھر مقبوضہ کشمیر میں نہتے مسلمانوں کا قتل عام کرایا اورپھر دہلی کے مسلمانوں کو ذبح کرایا جا رہا ہے، اس پر عالمی قوتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیںاور دنیا میں مسلمانوں کے لیے دہرا معیار قائم کیا ہو ا ہے۔