معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات صنعتوں پر بھی نمایاں ہونے لگے

160

کوٹری (نمائندہ جسارت) ملکی سطح پر معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات بھی کوٹری کی صنعتوں پر بھی نمایاں ہونے لگے، کوٹری صنعتی علاقے میں قائم بیشتر فیکٹریوں کو تالے پڑگئے جس سے سیکڑوں مزدور بے روز گار ہوگئے ہیں جبکہ کئی فیکٹریاں مالی بحران کا شکار ہونے کے باعث مالکان مزدوروں کو بے دخل کرکے تالا بندی پر غور کررہے ہیں۔ پچھلے دنوں اٹلس کیبلز فیکٹری سے 25 سے زائد مزدوروں کو بیک یک جنبش قلم برطرف کردیا گیا۔ کوٹری صنعتی زون سندھ کا دوسرا بڑا صنعتی زون کا درجہ رکھنے والا یہ صنعتی زون آج تباہی کے دہانے پر ہے۔ یہاں بے روز گاری کے ڈیرے اور صنعتی پیداوار بری طرح متاثر ہے گوکہ چند فیکٹریوں میں معیشت کا پہیہ چل رہا ہے لیکن وہ مقامی طور پر بے روزگاری کو کم یا ختم کرنے میں ناکام ہے۔