حیدرآباد :لطیف آباد سے فری فٹ پاتھ آپریشن کا آغاز

198

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) میئر حیدر آباد سید طیب حسین کی ہدایت پر اینٹی انکروچمنٹ سیل بلدیہ نے لطیف آباد سے فری فٹ پاتھ آپریشن کا آغاز کردیا، فٹ پاتھوں پر قائم سیکڑوں تجاوزات، گرین بیلٹس اور سڑک کنارے لگائی گئیں ہوٹلز کی کرسیاں، ٹیبلیں تحویل میں لے لیں۔ اینٹی انکروچمنٹ سیل بلدیہ کے عملے نے ڈائریکٹر توحید احمد راجپوت اور لطیف آباد کے انچارج ناصر لودھی کی سرکردگی میں غیرقانونی تجاوزات کیخلاف بھرپور کریک ڈائون کرتے ہوئے فٹ پاتھوں، گرین بیلٹس اور سڑکوں پر لگے سیکڑوں، پتھاروں، ٹھیلوں، گنے کی مشینوں سمیت دیگر تجاوزات کو تحویل میں لے لیا۔ کارروائی کے دوران عملے نے درجنوں ہوٹلز کی گرین بیلٹس پر لگی سیکڑوں، کرسیوں، ٹیبلوں کو تحویل میں لے کر قبضے کے لیے بنائی گئی چاردیواریاں اور رکاوٹیں مسمار کردیں، عملے نے کارروائی کا آغاز سرسید فلائی اوور لطیف آباد یونٹ نمبر 7 کے دونوں طرف قائم فٹ پاتھوں سے کرتے ہوئے انہیں قابضین سے واہ گزار کرالیا۔ عملے نے لطیف آباد یونٹ نمبر 10-7-8-11 سمیت دیگر علاقوں میں بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے سیکڑوں تجاوزات تحویل میں لے لیں۔ بعض مقامات پر قابضین نے شدید مزاحمت کرتے ہوئے عملے پر سیاسی دبائو ڈالنے کی کوشش کی، جسے عملے نے مسترد کرتے ہوئے کارروائیاں جاری رکھیں۔ انچارج اینٹی انکروچمنٹ سیل لطیف آباد ناصر لودھی کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں مرکزی شاہراہوں اور اہم مقامات کی تمام فٹ پاتھوں کو قابضین سے واگزار کرایا جائے گا تاکہ پیدل چلنے والوں کی مشکلات حل ہوسکیں اور ٹریفک کے مسائل میں کمی لائی جاسکے اور ہٹائے گئے تجاوزات دوبارہ قائم ہونے کے لیے منظم حکمت عملی ترتیب دیتے ہوئے میئر سید طیب حسین کی ہدایت پر فری فٹ پاتھ آپریشن کا آغاز کیا گیا ہے۔