نوجوانوں کا ملکی سیاحت کے فروغ کے لیے آگے آنا خوش آئند ہے

122

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) کراچی کے ہیوی بائیک رائڈرز سیاحت اور امن کے فروغ کا مشن لیے لاڑکانہ پہنچے، ایس ایس پی لاڑکانہ کی جانب سے سندھ کی ثقافت اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا۔ سیاحت کا فروغ ملکی ترقی کے لیے اہم ہے، پولیس مکمل سیکورٹی فراہم کرے گی، ایس ایس پی مسعود بنگش کی میڈیا سے گفتگو۔ کراچی کے مکین ہیری ڈیوڈسن اونرز ایکسپلورر گروپ کے 7 ممبران ہیوی بائیکس پر 5 سو کلو میٹر کا سفر طے کرکے لاڑکانہ پہنچے، جہاں ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود بنگش نے اپنے دفتر میں رائڈرز کا خیر مقدم کیا۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ سندھ کے امن و امان کی صورتحال سیاحت کے لیے بلکل بہتر ہے جبکہ سیاحت کے فروغ کے لیے آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو مکمل پولیس سیکورٹی بھی فراہم کی جاتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کی جانب سے مثبت سوچ لے کر ملکی سیاحت کے فروغ کے لیے آگے آنا خوش آئند ہے۔ دوسری جانب رائڈرز نے محترمہ بے نظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دی اور فاتح خوانی کی جس کے بعد ایکسپلورر گروپ کے ممبران نے تاریخی ثقافتی ورثے موہن جو دڑو کا دورہ کیا۔ اس موقع پر رائڈرز کامران ارشد، شرجیل، شاہزیب سمیت دیگر کا کہنا تھا کہ سندھ بھر کے تاریخی اور سیاحتی مقامات پر ہیوی بائیکس کے ذریعے جانے کا مقصد سیاحت اور امن کا فروغ ہے۔ سندھ میں سمندر، صحرا، پہاڑ، جنگلات سمیت ہر خوبصورت اور دلفریب نظارہ موجود ہے جسے مزید ایکسپلورر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح سندھ کا رخ کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کوٹڈیجی، رانی کوٹ اور گورک ہل اسٹیشن پر سیاحوں کے لیے سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے محکمہ ثقافت کو ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔