وسائل سے مالا بلوچستان میں غریب ننگی ناچ رہی ہے ، عبدالحق ہاشمی

216

 

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ امریکی جنگ کا حصہ بننے سے ملک کو 120ارب ڈالر اور 75ہزار لوگوں کا جانی نقصان اٹھا نا پڑا۔ ملکی معیشت اور تجارت کو ناقابل تلافی نقصان ہوااس پر دکھ کا اظہار کرنے اور ہاتھ ملنے سے بات نہیں بنے گی۔ مہنگائی بدعنوانی کے سیلاب کے سامنے بند باندھنے کی ضرورت ہے، جماعت اسلامی نے قومی امنگوں، مسائل ومشکلات کے پیش نظر مہنگائی وبدعنوانی کیخلاف تحریک شروع کی ہے عوام ہمار اساتھ دیں۔ قدرتی وسائل سے مال مال بلوچستان میں غربت ننگی ناچ رہی ہے۔باصلاحیت نوجوان روزگار نہ ملنے سے مایوسی کا شکار ہوکر نشے پر لگ گئے اور موت کے منہ میں جارہے ہیں۔ اگر منشیات کا سدباب نہ کیا گیا تو کسی دشمن کو پاکستان پر حملہ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ بلوچستان کے کئی علاقوں میں کینسر، ہیپاٹائٹس ودیگر خطرناک بیماریاں وبا کی صورت اختیار کرچکی ہے۔ اس کے علاج اور تدراک کی بڑے پیمانے پر کوشش نہ کی گئی تو ہزاروں لوگ لقمہ اجل بن سکتے ہیں۔ بلوچستان کو اس کے آئینی حقوق دیے جائیں تو وہ نہ صرف اپنے پائوں پر کھڑا ہوسکے گا بلکہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے دی گئی بیش بہا معدنیات کی بدولت وہ دوسر ے صوبوں اور پاکستان کا بوجھ بھی بانٹ سکتا ہے اور پاکستان کو آئی ایم ایف کی غلامی سے آزاد کراسکتا ہے۔صوبے سے معدنیات کو نکالنے کا ایک بااعتماد نظام قائم کردیا جائے تو بلوچستان کے لاکھوں نوجوانوں کو روزگار بھی ملے گا اور معیشت بھی سنبھل جائے گی۔ بلوچستان حکومت کے وزرا اور سرکاری آفیسرز میرٹ کا قتل عام کرکے معمولی نوکریوں کو بھی لاکھوں روپے میں بیچتے ہیں۔ اسکول کے چوکیدار کی نوکری بھاری رشوت کے بغیر نہیں ملتی جس سے نوجوانوں کے اندر مایوسی بڑھتی جاررہی ہے۔ صوبے میں کرپشن بڑھ رہی ہے اور اب جائزکام کے لیے بھی رشوت دینا پڑتی ہے یونیورسٹیوں اور کالجوں کاماحول بچیوں کی تعلیم کے لیے انتہائی ناخوشگوارہوچکا ہے لیکن حکومت معاملات کو درست کرنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھا رہی۔بچیوں کی عزت و ناموس پر حملوں کے جو واقعات پیش آتے ہیں ان میں ملوث ملزموں کو گرفتار کیا جاتا اور انہیں قرار واقعی سزاد ی جاتی تو اس خطرناک رحجان کا سد باب ہوسکتا تھا۔